بھٹکل:11/اکتوبر(ایس او نیوز)تعلقہ میں گذشتہ دو تین دن سے برس رہی بارش کے نتیجے میں عام زندگی مفلوج ہوگئی ہے، اکثر سڑکوں پر پانی بھر گیا ہے ، ٹرافک کانظام کیچڑ کی وجہ سے دشوار ہوگیا ہے۔ دوسری طرف دو ہفتہ بعد دھان کی فصل کاٹنا ہے، تیاری میں جٹے کسان پریشان ہوگئے ہیں۔
گذشتہ دو تین سے ہورہی بارش کو دیکھیں تو ایسا لگتاہے کہ جیسے موسم باراں کے شروعات کا سماں لگتاہے، دسہرے کے پروگراموں میں بھی بارش کی وجہ سے رکاوٹیں درپیش ہیں۔ ثقافتی پروگرام بری طرح متاثر ہورہے ہیں، لگاتار چھٹیاں ملنے سے سیاحت کی دھن میں مگن کئی ایک ملازمین بارش کی وجہ سے گھروں میں ہی بیٹھے ہوئے ہیں۔ تشویش کی بات یہ ہے کہ ہزاروں ایکڑ زمین پر تیار کھڑی دھان کی فصل کو خطرہ لاحق ہے ، کئی جگہوں پر دھان کی فصل نیچے گرکر کیچڑ میں مل گئی ہے، علاقہ کے کسانوں کا پیٹ اسی فصل پر منحصر ہے ، انہیں فکر لاحق ہے کہ کہیں یہ فصل پانی کی نذر نہ ہوجائے۔ اگر بارش جاری رہتی ہے تو دھان جھڑ جانے کا اندیشہ ہے، کسان فصل کاٹیں یا نہ کاٹیں گومگو کی کیفیت میں ہیں۔ خیال رہے کہ بھٹکل میں دھان کی فصل ہی اہم فصل ہے۔ پیر کی صبح سے منگل کی صبح تک 30.04م م بارش ہوئی ہے۔ اب بھی سیاہ بادل چھائے ہوئے ہیں، بارش کا سلسلہ جاری رہنے کے پورے امکانات ہیں۔